افغان طالبان رجیم میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں،عالمی سطح پر آوازیں اٹھنے لگیں

کابل: (دنیا نیوز) قابض طالبان رجیم میں افغان عوام خصوصاًخواتین کو تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

افغانستان میں خواتین کیساتھ بدترین سلوک پر آئرش وزیر انصاف جم اوکالاگھن نے افغان طالبان رجیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

آئرلینڈ کے یواین کے مستقل مندوب کے اعلامیہ کے مطابق آئرش وزیرِ انصاف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں تنازعات کے دوران جنسی تشدد کیخلاف آئرلینڈ کا مؤقف پیش کیا۔

آئرش وزیر انصاف جم اوکالاگھن نے یواین سلامتی کونسل کے اجلاس میں طالبان رجیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان خواتین کی آزادیاں سلب کرنے کیلئے بدستور صنفی تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

آسٹریلوی صحافی آنہ کورین نے طالبان رجیم کے خواتین مخالف اقدامات کو امتیازی قرار دیتے ہوئے انہیں خواتین کیخلاف جنگ قرار دے دیا۔

افغانستان میں طالبان انتظامیہ کے تحت انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ افغان عوام اس وقت شدید جبر اور مظالم کا شکار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں