بہار میں مسلمان خاتون کی تذلیل، ہندو انتہاپسندوں نے زبردستی سندور لگا دیا

بہار: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست بہار میں مسلمان خاتون کی سرعام تذلیل، ہندو جنونیوں نے برقع کھینچ کر زبردستی سندور لگا دیا۔

آر ایس ایس کے غنڈوں نے مودی کی سرپرستی میں بھارتی مسلمانوں کیلئے شناخت اورعزت کا تحفظ بھی مشکل بنا دیا، انتہا پسند بی جے پی کی قیادت میں قائم مودی حکومت اقلیتوں پر مظالم کی سرپرستی کر کے اپنا ووٹ بینک مضبوط کر رہی ہے۔

دی ہندوستان گزٹ کے مطابق بہارکے ضلع نواڈا کے علاقے کمل پورمیں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمان خاتون کو نقاب اتار کر سندور لگانے پر مجبور کیا، ہجوم نے مسلم خاتون سے برقع اتروایا، پیشانی پرسندور لگایا اور بجرنگ بلی کے نعرے لگائے۔

بھارتی جریدہ نے کہا کہ مسلمان خاتون کی طرف سے مخالفت کے باوجود ہجوم ویڈیو بناتا رہا اور کہتا رہا کہ یہ ویڈیو ہرحال میں بنے گی، مسلم خاتون کے وہاں سے سکوٹر پر نکلنے کی کوشش کے باوجود ہجوم اس کا تعاقب کرتا رہا۔

اس سے قبل گزشتہ دسمبر میں بہار کے ہی وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ایک تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچا تھا۔

انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ہیومن رائٹس واچ کے مطابق مودی کی انتخابی مہم میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات نے امتیازی سلوک اور تشدد کو ہوا دی۔

انتہا پسند مودی کے زیراثر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیخلاف بڑھتے تشدد سے نام نہاد بھارتی سیکولر ازم کے دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں