مذہبی و روحانی قیادت عالمی بدامنی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، حسین محی الدین

ماسکو: (شاہد گھمن) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ جنگوں، تنازعات اور بڑھتی ہوئی عالمی بے چینی کے موجودہ ماحول میں مذہبی و روحانی قیادت قیام امن اور مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی مذہبی کانفرنس کے موقع پر دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے حسین محی الدین قادری نے بتایا کہ عالمی کانفرنس کا انعقاد روس کی مسلم روحانی اسمبلی اور متعلقہ روسی اداروں کے تعاون سے کیا گیا، جس میں تقریباً 56 ممالک سے مذہبی، روحانی، سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مختلف ممالک کے مذہبی رہنماؤں، سرکاری نمائندوں، جامعات کے وائس چانسلرز اور علمی شخصیات نے دنیا کو درپیش مسائل پر اظہار خیال کیا۔ دو روزہ کانفرنس میں بالخصوص اس امر پر غور کیا گیا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری جنگوں، تنازعات اور بدامنی کے خاتمے کے لیے مذہبی و روحانی شخصیات کس طرح مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے مطابق کانفرنس کے دوران ہونے والی گفتگو اور مختلف ممالک کے نمائندوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز نہایت مفید رہیں۔ کانفرنس مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر بین الاقوامی پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں میں آباد مسلمانوں کے بارے میں تو جانتی ہے، تاہم روس، ماسکو اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں، ان کی تاریخ، ثقافت اور معاشرتی کردار کے بارے میں عالمی سطح پر زیادہ معلومات موجود نہیں ہیں۔

حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ماسکو میں بھی 35 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں، جبکہ روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی موجود ہے۔ ایسی بین الاقوامی کانفرنسوں سے روسی مسلمانوں کی زندگی، مذہبی سرگرمیوں اور معاشرے میں ان کے مثبت کردار کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی حکومت اسلام اور مسلمانوں سے متعلق مختلف مذہبی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی کررہی ہے۔ حکومتی سرپرستی میں ایسی کانفرنس کا انعقاد روس میں بسنے والے مسلمانوں کا مؤقف اور ان کی کہانی عالمی برادری تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بتایا کہ انہوں نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی جانب سے خیرسگالی اور امن کا پیغام پہنچایا۔ پاکستان ہمیشہ مختلف مذاہب، تہذیبوں اور اقوام کے درمیان پرامن بقائے باہمی، احترام اور بامقصد مکالمے کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس میں منعقد ہونے والی ایسی عالمی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی اور دونوں ممالک کے مذہبی، علمی و سماجی حلقوں کے درمیان روابط سے پاکستان اور روس کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ایسے اقدامات دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...