1 سال تک میں بینائی سے محروم رہا: ایچ ایس وائی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فیشن انڈسٹری کے مقبول ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے بینائی سے محرومی کا انکشاف کیا ہے۔

فیشن ڈیزائنر و اداکار کے مطابق اس تجربے نے مجھے شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا تھا، جس کے بعد زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کا میرا انداز بھی بدل گیا، انہوں نے بتایا ہے کہ میں تقریباً 1 سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہا۔
حال ہی میں ایچ ایس وائی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بچپن میں پیش آنے والی مشکلات و والدہ کی قربانیوں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بینائی سے محرومی کا باعث بننے والا واقعہ شیئر کیا، انہوں نے بتایا کہ رمضان کے دن تھے، میں اور میرا دوست افطاری کے لیے کھانا لینے گئے، واپسی پر گاڑی میرا دوست چلا رہا تھا، اسی دوران اذان ہو گئی، میں نے کھانے کا بیگ کھولا تو اس میں سے اتنی بھاپ نکلی کہ ہر چیز دھندلا گئی۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب تک میرے دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کیے گاڑی سڑک سے اتر کر ٹکرا چکی تھی، میں ونڈ اسکرین سے ٹکرا گیا، اس حادثے کے نتیجے میں میری دونوں آنکھوں کی بینائی چلی گئی تھی۔

ایچ ایس وائی نے کہا کہ اچانک بینائی سے محرومی نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا، بینائی ختم ہونے کے بعد مجھے اپنے دیگر حواس پر زیادہ انحصار کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ جب کسی کی آنکھیں کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں تو اس کے دوسرے حواس زیادہ تیز ہو جاتے ہیں، میں 4 کمروں کے فاصلے سے اپنی والدہ کو روتے ہوئے اس طرح سن لیتا تھا جیسے وہ میرے بالکل قریب ہوں۔

فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ تقریباً 1 سال تک میری بینائی متاثر رہی، جس کے بعد میں نے علاج کروایا، میری متعدد سرجریز ہوئیں، بعدازاں میری بینائی واپس آ گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...