ایک ہفتے میں یوکرینی حملوں سے 41 شہری ہلاک، 274 زخمی ہوئے، روسی سفارت کار
ماسکو:(شاہد گھمن ) روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور روڈیون میروشنک نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روسی علاقوں پر یوکرینی افواج کے حملوں میں 41 شہری ہلاک اور 274 زخمی ہوئے۔
روڈیون میروشنک نےمیڈیا کو بتایا کہ کیف حکومت کے مبینہ جرائم سے متعلق معلومات جمع کرنے والے روسی وزارت خارجہ کے خصوصی دفتر نے گزشتہ سات روز کے اعداد و شمار جمع کرکے ان کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی افواج کی گولہ باری اور دیگر حملوں سے مجموعی طور پر 315 شہری متاثر ہوئے۔ ان میں 41 افراد ہلاک اور 274 زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں میں نو کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
روسی سفارت کار کے مطابق یوکرینی افواج نے گزشتہ سات دنوں کے دوران روسی سرزمین پر شہری اہداف کی جانب کم از کم 8 ہزار 33 گولے اور دیگر ہتھیار داغے۔
انہوں نے کہا کہ حملوں میں 122 ملی میٹر کے ملٹی پل راکٹ لانچرز، 152 اور 155 ملی میٹر کے توپ خانے کے گولے، بارودی سرنگیں اور دستی بم استعمال کیے گئے۔
روڈیون میروشنک کے مطابق بعض حملوں میں کلسٹر وار ہیڈز سے لیس گولے بھی استعمال کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی فوج نے روسی علاقوں پر حملوں کے دوران بڑی تعداد میں حملہ آور بغیر پائلٹ طیارے، ایف پی وی ڈرونز اور چھوٹے ہتھیار بھی استعمال کیے۔
روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور نے دعویٰ کیا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے یوکرینی افواج کے زیر استعمال ہتھیاروں کی بڑی اکثریت مغربی ممالک میں تیار ہوئی اور انہی ممالک نے یہ ہتھیار یوکرین کو فراہم کیے۔
روڈیون میروشنک نے الزام عائد کیا کہ یوکرین کو یہ ہتھیار فراہم کرنے والے مغربی ممالک کیف حکومت کے اقدامات میں شریک ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments