مرسی کی سزا پرمذمت ،مصر کاپاکستانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج

مرسی کی سزا پرمذمت ،مصر کاپاکستانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج

اندرونی معاملات میں مداخلت دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرانداز ہوسکتی ہے ،وزارت خارجہ

قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کی حکومت نے پاکستان کی جانب سے سابق صدر محمد مرسی کی سزائے موت پر مذمت کرنے پر پاکستانی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیرمحمد اعجاز کو طلب کرکے پاکستان کے بیان پر احتجاج کیا، جب کہ وزارت خارجہ کے حکام نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے محمد مرسی کی سزا کی مذمت کرنا اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اور مصر ایسی کسی بھی مداخلت کو رد کرتا ہے کیونکہ اس طرح کی مداخلت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پراثرانداز ہوسکتی ہے ۔واضح رہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ نے سابق مصری صدر محمد مرسی کو موت کی سزا دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انصاف کی فراہمی برابری اور شفافیت کے اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے ،جب کہ پاکستان کے علاوہ امریکا، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے بھی محمد مرسی کی سزائے موت کی مذمت کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں