ایم آئی سکس پہلی بار تارکین وطن کے بچوں کو بھرتی کرے گی
برطانوی خفیہ ایجنسی نے بھرتیوں کے لیے پہلی بار ٹی وی پر اشتہار بھی نشر کیا اب ایجنسی میں بھرتی کے لیے امیدوار کا برطانیہ میں پیدا ہونا کافی ہوگا ،ایلکس ینگر
لندن(این این آئی)برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس اپنی110 سالہ تاریخ میں پہلی بار تارکین وطن کے بچوں کو بھرتی کرے گی ۔اس سے پہلے ایم آئی سکس میں بھرتی کے لیے ماں باپ کا برطانوی ہونا ضروری ہوتا تھا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایم آئی سکس کے سربراہ ایلکس ینگرنے کہاکہ تارکین وطن والدین کے بچوں کو پہلی بار ایجنسی میں شمولیت کی اجازت دی جا رہی ہے ۔اب ایجنسی میں بھرتی کے لیے امیدوار کا برطانیہ میں پیدا ہونا کافی ہوگا ، ایم آئی سکس نے بھرتیوں کے لیے پہلی بار ٹی وی پر اشتہار بھی نشر کیا ہے ۔ادارے کے سربراہ ایلکس ینگر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادارے کے ملازمین میں نسلی تنوع کو بڑھانا ہے ۔ینگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تا کہ اس بیکار ضابطے کو ختم کیا جا سکے جو ابھی تک ممکنہ امیدواروں کو دور کرنے کا ایک بڑا سبب ہے ۔