سربراہ افغان کرکٹ تبدیل‘ آئی پی ایل میچز دکھانے پرپابندی
ڈبلیو ایچ او سربراہ کی حسن اخوندسے ملاقات، 22غیرملکی پاکستان پہنچ گئے ، دھماکوں کے الزام میں 40گرفتار ، ننگر ہار اور کنڑ کے گورنر تبدیل
اسلام آباد،کابل(خبرنگار،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان سے افغان باشندوں سمیت مزید 22غیر ملکیوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان منتقل کردیا گیاجبکہ طالبان حکومت نے افغان کرکٹ بورڈ کے سی ای او حامد شنواری کو ہٹا کر ان کی جگہ نصیب اللہ حقانی کو تعینات کردیا اورافغانستان میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز دکھانے پر پابندی لگادی،آئی پی ایل کا 14 واں سیزن متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس میں کئی غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہیں،افغان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر ابراہیم مومند نے ٹوئٹ میں بتایا کہ طالبان نے قومی ٹی وی پرآئی پی ایل کے میچز دکھانے پر پابندی لگادی ہے ،اس کے علاوہ افغان صحافی انیس الرحمان نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغان سپورٹس چینل آر ٹی اے سپورٹس ٹرانسمیشن کیلئے فیس بھی ادا کرچکا ہے ،تاہم اس حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔دریں اثنا افغان وزارت داخلہ نے مولوی عالم گل حقانی کو پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا ، ننگر ہار میں محمد مزمل کو گورنر، شیخ ندامحمد کو پولیس چیف،کنڑ میں مولوی قاسم کو گورنر، حاجی یاسر کو پولیس چیف ہرات،خوست میں مولوی انور کو گورنر کا معاون اور مولوی محبوب کو پولیس چیف مقرر کیا گیا ہے ۔ جبکہ صوبہ بغلان میں 55شہدا کے خاندانوں میں گندم تقسیم کی گئی، گورنرآفس حکام کے مطابق ہرخاندان کو 140کلو گرام گندم عطیہ کی گئی ہے ،عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم بھی کابل پہنچ گئے ، جہاں ان کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات ہوئی اس موقع پر نائب وزیراعظم ملا برادر اور قائم مقام وزیرخارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں طالبان حکومت نے جلال آباد شہر میں ہفتے اور اتوار کو ہونے والے بم دھماکوں کے الزام میں 40افراد گرفتار کر لئے ،بم دھماکوں کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی،ادھر کابل ایئر پورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے کھول دیا گیا ،افغانستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کابل ایئر پورٹ صبح 6 سے شا م 6بجے تک پروازوں کیلئے کھلا رہے گا ، رات کو پروازوں کی بحالی کیلئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں ۔نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل ایئر پورٹ کا سٹاف بھی ڈیوٹی پر واپس آچکا ہے ،ایئر پورٹ کی بحالی کا کام تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے ،کابل ایئر پورٹ اب محفوظ ہے ،پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اوردیگرممالک نے پروازوں کی بحالی کی درخواست کی تھی،کابل ایئر پورٹ سے ڈومیسٹک پروازوں کا سلسلہ پہلے سے ہی جاری تھا،جبکہ جزوی طور پر کچھ بین الاقوامی پروازیں کابل آ جا رہی تھیں۔