افغانستان : دوسرے جمعہ بھی خودکش دھماکا، 47 نمازی جاں بحق

افغانستان : دوسرے جمعہ بھی خودکش دھماکا، 47 نمازی جاں بحق

ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے تک لائینگے ، ذبیح اللہ مجاہد، پاکستان کی مذمت

کابل(اے ایف پی، اے پی)افغانستان کے جنوبی شہر قندھار میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 47افراد جاں بحق70زخمی ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق مسجدفاطمیہ میں چار دھماکے ہوئے ، ایک دھماکا مسجد کے مرکزی دروازے پر ہوا، دوسرا مسجد کے جنوبی حصے میں جبکہ تیسرا وضو خانے اورچوتھا ہال کے اندر ہوا۔ میروائس ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ہم بہت پریشان ہیں۔ بہت زیادہ لاشیں اور زخمیوں کو ہمارے ہسپتال لایا گیا ہے اور خدشہ ہے کہ مزید بھی آئیں گے ۔دھماکے کی خبر سنتے کی شہریوں کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے کے لئے ہسپتال کے باہرجمع ہوگئی۔ علاوہ ازیں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ امارات اسلامی اس واقعے کی مذمت کرتی ہے اور اس کو بہت بڑا جرم تصور کرتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے کہا کہ ‘دھماکے سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے ۔ حکام دھماکے کی تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں۔ترجمان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ قندھار شہر میں ایک مسجد میں پہلا دھماکا ہوا جس میں ہمارے متعدد ہم وطن جاں بحق و زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا اسلامی امارات کی خصوصی فورسز دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔ تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو شمال مشرقی صوبے قندوز کی ایک مسجد میں نماز کی ادائیگی کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 55 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے ۔ پاکستان نے قندھار میں مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملے میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع اور کئی افراد زخمی ہوئے ، پاکستانی حکومت اور عوام افغان عوام سے تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں