قطر مذاکرات، امریکا کا طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار

قطر مذاکرات، امریکا کا طالبان  حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار

قطر میں جاری مذاکرات کے دوران امریکا نے افغانستان میں طالبان حکومت کو فی الحال تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے

دوحہ (آن لائن )دوحہ میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ افغان طالبان کے وفد کی قیادت قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کررہے ہیں۔ مذاکرات میں افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سمیت دیگر امور پر بات کی جارہی ہے ۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس لئے افغان طالبان کی اولین ترجیح ملک کے منجمد اثاثہ جات کی بحالی ہے ، اثاثہ جات کی بحالی نہ ہونے کی صورت میں افغانستان میں انسانی المیے کا خدشہ ہے ۔ اثاثہ جات کی بحالی نہ ہونے کی صورت میں آئندہ برس افغانستان میں خانہ جنگی کا آغاز بعید از قیاس نہیں ہے ۔سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ امریکا افغان طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے قبل افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے ، خواتین کے حقوق کی بحالی اور کثیر الجہتی حکومت بنانے کی ضمانت چاہتا ہے ، اس لئے امریکا نے فی الوقت افغان طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں