ممبئی: بھارت کے جنگی بحری جہاز میں بڑا دھماکا، 3 اہلکار ہلاک، 17 زخمی

ممبئی: بھارت کے جنگی بحری جہاز میں بڑا دھماکا، 3 اہلکار ہلاک، 17 زخمی

ممبئی (دنیا مانیٹرنگ)بھارت کے جنگی بحری جہاز میں بڑے دھماکے میں 3اہلکار ہلاک ،17زخمی ہوگئے ۔بھارتی اخبار کے مطابق شبہ ہے کہ دھماکا جہاز کے ایئرکنڈیشننگ کمپارٹمنٹ میں گیس کی لیکیج کے باعث ہوا، 17اہلکاروں میں سے کچھ ہڈیاں ٹوٹنے کے باعث زخمی ہوئے ،

باقی اہلکار وں کی گیس کی وجہ سے حالت غیر ہوئی، ترجمان بھارتی نیوی کے مطابق دھماکا ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں کھڑے راجپوت کلاس تباہ کن جہاز آئی این ایس رنویر کے اندرونی حصے میں ہوا، تاہم صورتحال پر قابو پا لیا گیا، بورڈ آف انکوائری نے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دیں،جو ہر پہلو سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گا،بھارتی میڈیا کے مطابق آئی این ایس رنویر 1986 میں بھارتی بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوا تھا،یہ دھماکا شام ساڑھے چار بجے ہوا اور اس کا تعلق بارود یا اسلحے کے دھماکے سے نہیں ہے ۔

آئی این ایس رنویر ایسٹرن نیول کمانڈ کا نومبر 2021 سے حصہ ہے اور جلد ہی اسے بیس پورٹ پر واپس آنا ہے ، یہ سابق سوویت یونین میں تیار کیا گیا ، اس قسم کے بحری جہاز سب میرینز، کروز میزائل اور نچلی پرواز کرنے والے جنگی جہازوں کے خلاف دفاع فراہم کرنے کے کام آتے ہیں،انڈین نیوی کے موجودہ چیف ایڈمرل آر ہری کمار نے بھی اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں اس بحری جہاز کی کمان سنبھالی تھی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں