چین نے سالمیت خطرے میں ڈالی تو کارروائی کرینگے :بائیڈن

 چین نے سالمیت خطرے میں ڈالی تو کارروائی کرینگے :بائیڈن

واشنگٹن،بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی)امریکی صد رجو بائیڈن نے کہاہے کہ اگر چین نے ہماری سالمیت کو خطرے میں ڈالا تو کارروائی کریں گے۔

اپنے  

سٹیٹ آف یونین خطاب میں انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اپنے مفادات کا دفاع کریں گے ، منگل کی رات کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ اس بارے میں کوئی غلطی نہ کریں جیسا ہم نے گزشتہ ہفتے واضح کیا تھا،میرے اقتدار میں آنے سے پہلے شور تھا کہ چین کی قوت بڑھ رہی ہے ،امریکا کمزور ہو رہا ہے ،اب امریکا دنیا میں نیچے نہیں جا رہا۔میں نے صدر شی پر واضح کر دیا ہے کہ ہم مقابلہ چاہتے ہیں ،تنازع نہیں، یوکرین کی مدد کرتے رہیں گے ،ایوان میں موجود یوکرینی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ جتنا بھی وقت لگے ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ ہماری قوم زیادہ آزادی، زیادہ وقار، زیادہ امن کے لیے نہ صرف یورپ میں بلکہ ہر جگہ کام کر رہی ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ کیپٹل ہل پر حملے کے دو سال بعد بھی ‘امریکی جمہوریت دباؤ کے آگے نہ جھکی اور نہ اس کو نقصان پہنچا۔کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا مسئلہ عالمی ہے ،مہنگائی میں کمی آ رہی ہے ۔ گزشتہ دو برس میں ایک لاکھ بیس ہزار ریکارڈ ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں۔ہمیں ابھی بہت کچھ کرناہے ، گیس قیمتوں میں 1.50 ڈالرفی گیلن کمی ہوئی جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہو رہی ہے ۔امریکا ہر بحران سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہو کرنکلا۔مخالفت برائے مخالفت کی بجائے ری پبلکن کے ساتھ ملک کر کام کرنا چاہتا ہوں۔ملکی معیشت کو دوبارہ استوار کرنے ، ملک کے اندر سے قنوطیت اور واشنگٹن کے اندر سیاسی تقسیم کے خاتمے اور قوم کو متحد کرنے میں ری پبلکن پارٹی ساتھ دے ۔بائیڈن نے خطاب میں سابق ہاؤس سپیکر نینسی پلوسی کو ملکی تاریخ کی ایک عظیم سپیکر قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا،اس وقت صد رکے عین پیچھے نئے ریپبلکن سپیکر کیون میکارتھی بیٹھے تھے ۔بائیڈن نے اپنے خطاب میں ایران،طالبان، اسرائیل فلسطین تنازع، شمالی کوریا، ترکی اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کا کوئی ذکر نہ کیا۔ چین نے کہا ہے کہ وہ اپنے مفادات کا سختی سے دفاع کرے گا، امریکا دوطرفہ تعلقات کی بحالی کیلئے کام کرے ۔ امریکی صدر جوبائیڈن کے کانگریس سے سالانہ خطاب پر ردعمل میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم چین کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا سختی سے دفاع کریں گے ، ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ مثبت اور مستحکم ترقی کی خاطر دوطرفہ تعلقات کی بحالی کیلئے چین کیساتھ کام کرے 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں