افغانستان ٹی ٹی پی کیخلاف ٹھوس اقدامات کرے :جلیل جیلانی

نیو یارک(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ۔۔۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف ‘ٹھوس عملی اقدامات’ کیے جائیں جو کہ دونوں ممالک کے درمیان تلخیاں پیدا کر رہی ہے ۔امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ترک نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ افغانستان سے پاکستان کے اندر حملے ہوتے رہے ہیں، افغان حکام پاکستان اور دیگر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کریں،انہوں نے کہا معیشت عوام کی خوش حالی اور مستحکم سیاسی ماحول سمیت ہر چیز سے منسلک ہے ، پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں جس قسم کی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں وہ پاکستانی عوام کیلئے ایک امید افزا مستقبل پیش کرتی ہیں،عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں قیمتیں بڑھیں، انہوں نے سرمایہ کاری کے ماحول کو روشن قرار دیتے ہوئے کہا اس ماہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے ،اس دوران کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے ، پاکستان میں زیادہ توجہ گڈ گورننس، ملک کے اندر سمگلنگ اور کرپشن کے خاتمے پر مرکوز ہے ۔