اسرائیلی فورسز کی ریاستی دہشتگردی جاری،2 فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز کی ریاستی دہشتگردی جاری،2 فلسطینی شہید

غزہ،رملہ،تل ابیب (آئی این پی،این این آئی ) اسرائیلی فورسز نے ایک بار پھر فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب اسرائیل کے فوجی علاقے سے چوری ہونے والا ٹینک کباڑ سے برآمد ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کی وزرات صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے تلکریم میں قائم پناہ گزنیوں کے کیمپ پر حملے کے دوران 21 سالہ اسد ابو علی اور 32 سالہ عبدالرحمٰن ابو داغش کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں صیہونی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پردھاوا بول دیا۔ اس دوران فائرنگ سے دو نوجوان شہید ہوگئے ۔ دونوں کو سرپر گولیاں ماری گئی تھیں۔ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حملوں سے متعلق اسرائیلی فوج کا مو قف ہے کہ کارروائی نور شمس پناہ گزین کیمپ کی عمارت میں عسکریت پسندوں کے کمانڈ سنٹر اور بم ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کو نقصان پہنچانے کے غرض سے کی گئی۔دوسری جانب اسرائیل کے فوجی علاقے سے چوری ہونے والا ٹینک کباڑ سے برآمد ہوگیا۔اسرائیلی حکام کے مطابق فوجی تربیتی علاقے سے ٹینک چوری ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں