موسمیاتی تبدیلی پرامیرممالک ذمہ داری کا مظاہرہ کریں:انوار کاکڑ

موسمیاتی تبدیلی پرامیرممالک ذمہ داری کا مظاہرہ کریں:انوار کاکڑ

دبئی (نیوز ایجنسیاں)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری طور پر فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امیر اور ترقی یافتہ ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔۔۔

متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور خلیجی و مغربی ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاپ ۔28 کے موقع پر امریکی  ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا ذمہ دار نہیں ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے سندھ اور بلوچستان متاثر ہوئے ، ہم سب کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے کہ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقیاتی فنڈز اور بڑے مالیاتی اداروں کے قرضوں سے الگ ہونا چاہئے اور یہ سرمایہ میرٹ پر اور اضافی ہونا چاہئے اور یہ شراکت داری حقیقی معنوں میں ہونی چاہئے ، سب جانتے ہیں کہ گزشتہ صدی کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذمہ دار کون ہے ، ممالک اور معیشتوں پر فیصلہ تھوپنے کی بجائے ایماندار مباحثہ اہم ہے ، امیر ممالک کو خود ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ،لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک پر زیادہ عرصہ لگ سکتا ہے تاہم بڑے عالمی مالیاتی اداروں کے ذریعے اس کو فعال بنایا جا سکتا ہے ، ہم نے کوئلہ پر چلنے والے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی وضع کی ہے ، ماحولیاتی تبدیلی کے حوا لے سے ایسے مخصوص منصوبوں پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔

خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت سمیت مغربی ممالک اس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، یہ ہمارے اور ان کیلئے بہترین موقع ہے ۔ انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز ( کا پ 28) کے ایکسپو سٹی میں آج جمعہ سے شروع ہونے والے اعلی ٰسطح اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ،وزیراعظم ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں 2 دسمبر کو قومی موقف پیش کریں گے ، کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں،نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی ،نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ،نگران وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی احمد عرفان اسلم اور نگران وزیر توانائی محمد علی بھی کاپ 28 میں شرکت کر رہے ہیں۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ملک میں ایڈز کے خلاف ردعمل کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر بچہ ایچ آئی وی کے بوجھ سے آزاد پیدا ہو، ایچ آئی وی کے سنگین سماجی و اقتصادی اثرات ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں