کورونا انکوائری،سابق برطانوی وزیر اعظم سے سخت سوالات،آنکھوں میں آنسو

کورونا انکوائری،سابق  برطانوی  وزیر  اعظم سے  سخت  سوالات،آنکھوں  میں  آنسو

لندن (اے ایف پی)سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت نے کورونا کے خطرے کی درست اندازہ نہیں لگایا تھا، ان سے غلطیاں ہوئی، انہوں نے اپنے طور پر بہتر کرنے کی کوشش کی تھی۔

 نیوز ایجنسی کے مطابق کورونا انکوائری کے دوران سابق وزیراعظم کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا، ان کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے ، سابق ساتھیوں نے عالمی وبا کے دوران سخت فیصلوں سے گریز اور سائنسی سوجھ بوجھ کے فقدان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، سخت سوالات اور سابق ساتھیوں کی کڑی تنقید سن کر سابق وزیراعظم کی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔ رپورٹ کے مطابق انکوائری کے آغاز پر جب سابق وزیراعظم نے عالمی وبا سے ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین سے معافی مانگی۔جانسن نے کہامیں ان متاثرین اور ان کے خاندانوں کے جذبات کو سمجھتا ہوں اور مجھے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے درد اور نقصان اور تکلیف پر بہت افسوس ہے ۔اس دوران چار افراد عدالت میں کھڑے ہو گئے جنہوں نے پلے کارڈ پکڑ رکھے تھے جن پر لکھا تھا اور کہا کہ مردے آپ کی معافی کو سن نہیں سکتے ۔ تاہم سکیورٹی سٹاف نے چاروں کو عدالت سے نکال دیا۔ایک موقع پر جانسن نے کہا میں تو خود بھی کورونا کی وجہ سے موت کے منہ میں جانے والا تھا ۔عدالت کے باہر عالمی وبا کے دوران ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین اپنے پیاروں کی تصاویر کیساتھ کھڑے تھے ، ان سے بچنے کیلئے بورس جانسن مقررہ وقت سے کئی گھنٹے قبل عدالت میں پہنچ گئے ۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں عالمی وبا کے دوران 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ، سابق وزیراعظم کو عالمی وبا کے دوران پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈاؤننگ سٹریٹ میں پارٹیاں کرنے کے الزامات پر ان کے جماعت نے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں