مقبوضہ کشمیر:دوران حراست 4 نوجوانوں کی شہادت،عوام کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے 4 فوجی افسروں پر مقدمہ

مقبوضہ کشمیر:دوران  حراست  4  نوجوانوں  کی  شہادت،عوام  کا  غصہ  ٹھنڈا  کرنے  کیلئے  4  فوجی  افسروں  پر  مقدمہ

سرینگر، مظفر آباد(اے پی پی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ 4کشمیروں کودوران حراست شہید کئے جانے پر۔۔۔

 بھارت کے خلاف بڑھتے غم و غصے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پولیس نے ملوث بھارتی فوج کے ایک بریگیڈیئراور تین دیگر افسروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقدمہ میں راشٹریہ رائفلز کے بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر  پدم اچاریہ اور تین دیگر فوجی افسروں کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان افسروں کا مقبوضہ علاقے سے تبادلہ بھی کر دیا گیا ۔ کشمیریوں کے مطابق عوامی غم و غصہ ٹھنڈاہونے پر بھارتی فوج ماضی کی طرح عدلیہ کے ساتھ مل کر ان افسروں کے خلاف مقدمہ ختم کردے گی ۔ ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف پوسٹرچسپاں کر دیئے ہیں جن میں کہا گیا ہے پونچھ میں بھارتی فوج کا اصل سفاک چہرہ ایک بار پھربے نقاب ہوگیا ۔ دریں اثنا قابض بھارتی حکام نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو سرینگر میں ان کے گھر میں نظر بند کر دیا تاکہ انہیں سرنکوٹ میں شہدا کے اہل خانہ سے ملنے سے روکا جاسکے ۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں پروفیسر عبدالغنی بٹ، غلام محمد خان ، بشیر اندرابی اور دیگر نے بابائے قوم ؒ کے یوم ولادت پر سرینگر سے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے کسی بھی حد تک جانے کیلئے پرعزم تھے ، کشمیری عوام سمجھتے ہیں تکمیل پاکستان کا خواب تب ہی شرمندہ تعبیر ہو گا جب جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر اس کا حصہ بنے گا ۔دوسری طرف بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کیخلاف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آبادمیں پاسبان حریت جموں و کشمیرکے زیر اہتمام زبردست احتجاجی مظاہرہ اور مارچ کیاگیا، مظاہرین نے سیاہ جھنڈے لہرا ئے جبکہ جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ، شرکا نے کہاکہ بھارتی حکومت نام نہاد جعلی مقابلوں میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے ، عالمی برادری بھارتی بربریت کا نوٹس لے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں