برطانیہ پناہ کے خواہشمند غیر قانونی تارکین کو روانڈا بھیجے گا

برطانیہ پناہ کے خواہشمند غیر قانونی تارکین کو روانڈا بھیجے گا

لندن (اے پی پی)برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو روانڈا بھیجنے کیلئے مطلوبہ قانون سازی کی منظوری دے دی ۔

 اس قانون کے تحت یکم جنوری 2022 کے بعد ملک میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے کسی  بھی فرد کو روانڈا بھجوایا جا سکتا ہے اور ان افراد کی تعداد کی کوئی حد متعین نہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز برطانوی پارلیمان سے قانون کی منظوری کے بعد وزیراعظم رشی سوناک نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کو10سے 12 ہفتوں میں روانڈا بھیج رہے ہیں،تارکین وطن کو روانڈا لے جانے کیلئے کمرشل چارٹرڈ پروازیں اور تربیت یافتہ عملے کی بکنگ کی ہے ۔ برطانوی سپریم کورٹ حکومت کی اس سکیم کو غیرقانونی قرار دے چکی ہے تاہم یہ قانون سازی گزشتہ روز ہاؤس آف کامنز یا منتخب ایوان زیریں میں واپس آئی جہاں قانون سازوں نے ایوان بالا کی تجویز کردہ ترامیم کو ختم کیا اور دوبارہ غور کیلئے ہاؤس آف لارڈز کو بھیج دیا۔ بعض لیبر ارکان پارلیمنٹ اور غیرمنسلک قانون ساز چاہتے تھے قانون سازی میں ان افغان باشندوں کیلئے حفاظتی اقدامات شامل کیے جائیں جنہوں نے برطانوی فوجیوں کی مدد کی تھی لیکن ہاؤس آف لارڈز نے بغیر کسی تبدیلی کے قانون سازی کو آخری مرحلے میں منظور کر دیا۔ توقع ہے رواں ہفتے اس قانون کے مسودے پر شاہ چارلس سوم دستخط کر دیں گے اور یہ قانون بن جائے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں