مقبوضہ کشمیر: 2 نوجوان شہید ، مسجد میں توڑ پھوڑ

مقبوضہ کشمیر: 2 نوجوان شہید ، مسجد میں توڑ پھوڑ

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

 ادھر ضلع پلوامہ میں ہندوتوا غنڈوں نے مسجد میں توڑپھوڑ کی اور قرآن پاک اور مزار کی بے حرمتی کی کوشش کی۔تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقے نوپورہ سوپور میں محاصر ے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی کے دوران 2کشمیری نوجوانوں کو  فائرنگ کر کے شہید اورایک نوجوان کو زخمی کردیا۔ علاوہ ازیں نوپور ہ میں بھارتی فوج کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا ، اس دوران قابض انتظامیہ نے گزشتہ روز تحصیل سوپور کے تمام سرکاری ونجی کالجوں ، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کئے رکھیں۔دوسری جانب ہندوتوا آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے کشمیری مسلمانوں کے خلاف مذہبی جارحیت جاری رکھتے ہوئے گزشتہ شب بھارتی فوج کے تعاون سے ضلع پلوامہ کے علاقے ڈاڈسر ترال کی ایک مسجد کے بعض حصوں کو نقصان پہنچایا اورقرآن پاک اور ایک مزار کی بے حرمتی کی بھی کوشش کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے جدوجہد آزادی دبانے کے تمام حربے ناکام ہونگے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں