کویت :رہائشی عمارت میں آتشزدگی،50بھارتی مزدور ہلاک

کویت :رہائشی عمارت میں آتشزدگی،50بھارتی مزدور ہلاک

کویت سٹی(اے ایف پی،رائٹرز )کویت میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 50 بھارتی مزدور ہلاک،متعدد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کویت کے شہر منگاف کی 6 منزلہ عمارت میں 160 مزدور رہائش پذیر تھے ۔

آگ پہلے عمارت کے کیچن میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔یہ عمارت کویت کے سب سے بڑے   تعمیراتی گروپ این بی ٹی سی نے تعمیر کی تھی۔ بھارتی نژاد تاجر کے جی ابراہم اس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور پارٹنر ہیں۔ این بی ٹی سی نے اس عمارت کو 195 سے زائد ملازمین کو کرائے پر دے رکھی تھی۔کویت کے سینئر وزیر نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ کمپنی اور عمارت کے مالکان کی لالچ کا نتیجہ ہے ۔پولیس کے بقول عمارت کی تعمیر میں حفاظتی اقدام کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا تھا جس پر عمارت کے مالک، چوکیدار اور کمپنی کے مالک کو بھی واقعہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ مرنے والوں کی عمریں 20 سے 50 سال کے درمیان ہیں ۔بھارتی وزیر اعظم مودی نے حادثے کو افسوسناک قرار دیا۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ وہ اس خبر سے شدید صدمے میں ہیں ، ہلاک افراد کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر شریک ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں