ایمرجنگ ایشیا کپ :پاکستان شاہینز کی سیمی فائنل میں رسائی

ایمرجنگ ایشیا کپ :پاکستان شاہینز کی سیمی فائنل میں رسائی

مسقط(سپورٹس ڈیسک )اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو 114 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔۔

 کپتان محمد حارث نے 71 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی ، فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز الامارت کرکٹ سٹیڈیم عمان میں کھیلے گئے 11ویں میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے ۔ پاکستان شاہینز کی پہلی وکٹ 21 کے سکور پر گری جو تمام کے تمام عمیر بن یوسف نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے تھے ۔ان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد یاسر خان نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن وہ بھی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس میں2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے ۔کپتان محمد حارث نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے ، 49 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے ۔حیدر علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 32 رنز سکور کیے جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔یو اے ای کے باؤلر محمد فاروق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان شاہینز کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 16.3 اوورز میں صرف 65 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یو اے ای کے بیٹرز شاہنواز دھانی کی باؤلنگ پر بے بس نظر آئے جنہوں نے صرف 12 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں