پی پی ایل اجلا س،25فیصد نقد منافع منقسمہ کی منظوری

پی پی ایل اجلا س،25فیصد نقد منافع منقسمہ کی منظوری

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)کا 73واں سالانہ اجلاسِ عام 25 اکتوبر کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔

 اراکین نے آڈیٹر رپورٹ کے ساتھ 30 جون 24 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مالیاتی گوشواروں کی منظوری دی۔ عمومی شیئرز پر 25 فیصد حتمی نقد منافع منقسمہ کی منظوری بھی دی گئی۔ اس طرح سال کا مجموعی منافع منقسمہ 60 فیصد ہے ۔اجلاس کی صدارت پی پی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہاب رضوی نے کی جنہوں نے کمپنی پر غیر متزلزل اعتماد اور تعاون پر حصص یافتگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کاروباری ماحول میں درپیش دشواریوں کے باوجود ملازمین کے مسلسل تعاون اور لگن کو سراہا ۔ شہاب رضوی نے مزید کہا کہ بیرونی عوامل کے باوجود پی پی ایل نے اپنے ملازمین کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت کاروبار میں بڑی استقامت کا مظاہر ہ کیا ہے ۔پی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او عمران عباسی نے مالی 23-24کے دوران کمپنی کی اہم کامیابیوں،بالخصوص پی پی ایل کی تاریخ میں 114 ارب روپے کا سب سے زیادہ بعد از ٹیکس منافع اور صارفین سے ریکارڈ وصولیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے شاہ بندر بلاک میں جھم ایسٹ X-1میں گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کی ،ساتھ ہی چار پارٹنر آپریٹڈ دریافتیں بھی شامل ہیں۔ پی پی ایل کا ایکسپلوریشن پورٹ فولیو مضبوط ہے جس میں 48 اثاثے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی ابوظہبی کے آف شور بلاک 5 میں دو کامیاب تجزیاتی کنویں مکمل کرنے کے بعد آگے بڑھ رہی ہے ،اس وقت پہلے دریافتی کنویں کی کھدائی کی جا رہی ہے ۔ پیداوار کے حوالے سے پی پی ایل نے پختہ فیلڈز میں قدرتی کمی، ایل این جی لائن پریشر میں اضافے اور جینکو ٹو کی جانب سے کم آف ٹیک کے باوجودیومیہ 713 ایم ایم سی ایف پر پیداوار برقرار رکھی۔ یہ 7 پیداواری کنوؤں کی کھدائی، رگ کے بغیرکامیاب پیداوار میں اضافے کی مہم ودیگر اقدامات کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں