غزہ جنگ:حماس کا اسرائیلی بکتر بند گاڑی پر حملہ،8 فوجی ہلاک

غزہ جنگ:حماس  کا  اسرائیلی  بکتر بند گاڑی  پر حملہ،8 فوجی ہلاک

غزہ (اے ایف پی ،اے پی،رائٹرز)حماس نے کہا کہ رفح کے مغرب میں تل السلطان کے علاقے میں اسرائیلی بکتر بند گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے ۔

 اسرائیل نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج پر یہ سب سے مہلک حملہ ہے جس میں کم ازکم 8سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔ادھر ہزاروں اسرائیلی مظاہرین نے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد تل ابیب میں احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کی اور ملک میں جلد انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا۔یرغمالیوں کے فورم کے ترجمان رامی بیجا کاکہنا تھا کہ اسرائیل حماس کے خلاف جنگ کبھی بھی مکمل طور پر نہیں جیت سکے گا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کیا ہے جس میں القدس بریگیڈز کے رکن ابوخلیل شہید ہوگئے ۔القسام بریگیڈ کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں سے دو اور یرغمالی مارے گئے ،مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا ۔علاوہ ازیں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رفح سمیت غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں کم ازکم 50افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک 39ہزار296فلسطینی شہید ،85ہزار 197زخمی ہو چکے ۔عرب میڈیا کے مطابق پی ایس آر کی جانب سے کروائے گئے حالیہ سروے کے مطابق فلسطینیوں میں اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے مسلح جدوجہد کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے ۔مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے سروے میں 54 فیصد افراد نے مسلح جدوجہد کی حمایت کی۔دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز نے حوثیوں کے 7 ریڈار،ایک ڈرون اور2 جہاز تباہ کر دئیے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ غزہ امداد روکنے والے اسرائیلی گروپ پر پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں