نیتن یاہو کیخلاف ڈیڑھ لاکھ اسرائیلیوں کا احتجاج

نیتن یاہو کیخلاف ڈیڑھ لاکھ اسرائیلیوں کا احتجاج

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز)غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 47 افراد شہید ہوگئے ۔

وزارت صحت کے مطابق غزہ جنگ میں  ابتک 37 ہزار 598 فلسطینی شہید ، 86 ہزار 32 فلسطینی زخمی ہوچکے ۔غزہ کے امدادی مرکز پر اسرائیلی فضائی حملے میں آٹھ افراد شہید ہو گئے ۔ اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی شہر رفح میں کئی افراد کو ٹینکوں سے نشانہ بنایا ۔ اسرائیلی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جنگی جرائم جاری ،صیہونی فوجیوں کی زخمی فلسطینی کو جیپ کے آگے باندھ کر جنین کی سڑکوں پر گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ اسرائیلی فوج نے وضاحتی بیان میں کہا کہ واقعہ اسرائیلی فوجی اقدار کے مطابق نہیں۔زخمی کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔ادھر تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی ریلی میں ہزار وں اسرائیلی شریک ہوئے ۔ شرکا نئے انتخابات کرانے کیلئے نعرے لگا رہے تھے ۔ منتظمین کے مطابق ریلی میں ڈیڑھ لاکھ کی تعداد میں اسرائیلی شریک تھے ۔شرکا نے نیتن یاہو کو اسرائیل کا بدترین وزیر اعظم قرار دیا،ان کا کہنا تھا جنگ ختم ہو رہی ہے نہ یرغمالیوں کو رہا کرایا جا رہا ۔ نیتن یاہو نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکی ہتھیاروں میں تاخیر کا تنازع جلد حل ہو جائے گا۔لبنان کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک کار کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس میں جماعت اسلامی کے رہنما ایمن غطمہ جاں بحق ہوگئے ۔حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد میزائل اسرائیل پر داغ دئیے ۔دریں اثنا غزہ جنگ کی حمایت کے خلاف احتجاجاً امریکی ایئر فورس کے دو پائلٹوں نے فوج میں اپنی خدمات سے معذرت کر لی۔انکا کہنا تھا غزہ میں جنگی جرائم اور مسخ شدہ بچوں کی ہزاروں ویڈیوز ہمارے موبائل فونز تک پہنچ رہی ہیں جو فوج کے اندر اور باہر امریکی عوام کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔جنگ مخالف امریکی تنظیم کے مطابق امریکی فوج کے 40 اہلکار بھی غزہ جنگ کے خلاف مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں