ترکیہ عملے کا اسرائیلی پرواز کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

ترکیہ عملے کا اسرائیلی پرواز کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

تل ابیب(اے ایف پی)اسرائیل کی قومی ایئرلائن ایلال نے کہا ہے کہ وارسا سے تل ابیب آنے والی پرواز نے ترکیہ کے شہر انطالیہ کے ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اور اس دوران ری فیولنگ کے لیے رابطہ کیا تو عملے نے ایندھن فراہم کرنے سے انکار کردیا۔

اسرائیلی ایئر لائن نے بتایا کہ مقامی عملے نے ہماری کمپنی کے جہاز کو فیول فراہم کرنے سے انکار کیا حالانکہ یہ ایک طبی مسئلہ تھا تاہم مسافر کو اتار دیا گیا۔ ترک عملے کے انکار کے بعد جہاز یونان کے رھوڈیز پہنچا جہاں سے ایندھن حاصل کرلیا گیا اور جہاز نے اسرائیل کی طرف پرواز بھری۔ترک سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی جہاز کو بیمار مسافر اتارنے کے لیے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جہاز کو ایندھن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کیا جاتا ہے لیکن اس کے لیے درکار طریقہ کار پورا کیا جا رہا تھا کہ جہاز کے کیپٹن نے اپنے طور پر پرواز اڑانے کا فیصلہ کرلیا۔خیال رہے کہ ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات گزشتہ برس 7 اکتوبر کو غزہ جنگ کے شروع ہونے کے بعد انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بھی معطل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں