برہان وانی کی 8ویں برسی، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال
سرینگر،مظفر آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کشمیری عوام نے پیر کو کشمیری حریت پسند کمانڈربرہان مظفروانی کی آٹھویں برسی عقیدت واحترام سے منائی ، کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا ۔
مقبوضہ کشمیرمیں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی،واضح رہے اگست 2015 میں مودی سرکار نے برہان وانی کے سر کی قیمت 10 لاکھ مقرر کی تھی۔8 جولائی 2016 کو بھارتی فوج نے برہان وانی کو 2 حریت پسندوں سمیت شہید کیا تھا ۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں برہان مظفر وانی اور انکے دو دیگر ساتھیوں کے 8 ویں یوم شہادت پر بڑی تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر و دیگر نے خطاب کرتے برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔مقررین نے واضح کیا کہ کشمیر صرف طاقت کے ذریعے ہی آزاد ہوسکتا ہے ،برہان کا راستہ ہی آزادی کا راستہ ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصاویراور کتبے اٹھا رکھے تھے ۔