نیپال میں سیاسی کشیدگی، نئے سیاسی اتحاد کے شرما اولی وزیراعظم منتخب

کٹھمنڈو(دنیا مانیٹرنگ)نیپال میں سیاسی کشیدگی کے دوران پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد پشپا کمال ڈاہل حکومت کھو بیٹھے، ان کی جگہ نئے سیاسی اتحاد کے سابق وزیراعظم 72 سالہ کے پی شرما اولی ایک مرتبہ پھر وزیراعظم بن گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیپال کے صدر رام چندرا پاؤڈیل نے کے پی شرما اولی کو نیپالی کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف نیپال یونیفائیڈ مارکسسٹ لیننسٹ کے سیاسی اتحاد کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔کے پی شرما اولی نے پشپا کمال ڈاہل کی جگہ منصب سنبھال لیا ہے جنہیں جمعہ کو ایوان نمائندگان میں اعتماد کے ووٹ کے حصول میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نئے وزیراعظم اپنی کابینہ کے ساتھ پیر کو (آج) حلف اٹھائیں گے ۔قبل ازیں کے پی شرما اولی نے نیپالی کانگریس کے صدر شیربہادر ڈیوبا کی حمایت کرتے ہوئے خود وزیراعظم نہ بننے کا دعویٰ کیا تھا اور ایوان میں 165 اراکین کے دستخط سے قرارداد جمع کرائی تھی، جس میں ان کی جماعت کے 77 اور نیپالی کانگریس کے 88 اراکین شامل تھے۔