بائیڈن کورونا کا شکار،ڈاکٹروں نے کہا تو صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو جاؤنگا:امریکی صدر

بائیڈن  کورونا  کا  شکار،ڈاکٹروں  نے  کہا  تو  صدارتی دوڑ سے  دستبردار  ہو جاؤنگا:امریکی  صدر

واشنگٹن(اے ایف پی،رائٹرز)امریکی صدر بائیڈن کورونا میں مبتلا ہوگئے جس کے باعث تمام انتخابی سرگرمیاں معطل کر دیں۔وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کو کورونا کی معمولی علامات ہیں، انہیں ویکسین لگادی گئی ہے ۔

 انہوں نے قرنطینہ کرلیا ہے ،وہ دفتری امور انجام دیتے رہیں گے ۔ادھر دوروز قبل لاس ویگاس میں صدر بائیڈن  سے ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ وہ کونسی سے چیز ہے جس کے باعث وہ صدارتی الیکشن کی دوڑ پر دوبارہ غور کر سکتے ہیں تو بائیڈن نے کہا اگر ڈاکٹروں نے طبی بنیاد پر تجویز کیا تو وہ دوبارہ صدارت کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے ۔تاہم ساتھ ہی بائیڈن نے دوبارہ صدارتی امیدوار بننے کی خواہش کے حق میں دلائل دئیے اور کہا کہ وہ تو خود چاہتے تھے کہ عبوری امیدوار بنیں اور پھر یہ عہدہ کسی اور کے سپرد کردیں۔علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر بائیڈن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب بائیڈن پر صدارتی امیدوار سے دستبرداری کیلئے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے ، سینیٹ میں پارٹی لیڈر سمیت دو تہائی ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ بائیڈن دوبارہ صدارتی امیدوار نہ بنیں۔بدھ کے روز بائیڈن کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سب سے ہائی پروفائل ڈیموکریٹ رکن ایڈم شف نے بائیڈن پر زور دیا کہ وہ صدارتی امیدوار کی مشعل کسی اور کو تھما دیں۔ ایک بیان میں شیف نے کہا کہ ٹرمپ کی دوسری صدارت ہماری جمہوریت کی بنیاد کو کمزور کر دے گی ۔ مجھے شدید تشویش ہے کہ آیا صدر بائیڈن نومبر میں ٹرمپ کو شکست دے سکتے ہیں یا نہیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں