غزہ :مزید 37شہید ،اسرائیل لبنان میں گولہ باری کا تبادلہ

غزہ :مزید 37شہید ،اسرائیل لبنان میں گولہ باری کا تبادلہ

غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز)گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی بمباری ،گولہ باری اور فائرنگ سے 37افراد شہید ہو گئے ۔

ادھر گولان کی پہا ڑیوں پر راکٹ حملے کے بعداسرائیل اور لبنان میں گولہ باری کا تبادلہ،حزب اللہ کے راکٹ حملے میں اسرائیلی ہلاک ہو گیا ۔ اسرائیلی بمباری سے حزب اللہ کا ایک کارکن بھی جاں بحق ہوا۔ علاوہ ازیں خان یونس میں 22جولائی سے جاری اسرائیلی آپریشن میں 300افراد شہید ،1000سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔دریں اثنا اسرائیل دروز کمیونٹی کے 12 نوعمر بچوں کی لاشوں کو لبنان میں انتقام کے لیے سیڑھی بنانا چاہتا تھا تاہم دروز کمیونٹی کے زعما نے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری بچوں کے خون کو نئی جنگ کا بہانہ نہ بنایا جائے ۔کمیونٹی کے نمائندوں نے نہ صرف اپنے عقائد کے مطابق کسی انتقامی قتل یا جنگ کو مسترد کر دیا بلکہ گولان کی پہاڑیوں کو بھی مقبوضہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھی اسرائیلی قبضے میں آچکی شامی سرزمین کے باشندے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 39ہزار400فلسطینی شہید،90ہزار996زخمی ہو چکے ۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ٹارگٹڈ حملہ کیا ہے ،صیہونی فوج کا کہنا تھا اُس کا ہدف حزب اللہ کمانڈر محسن شُکر تھے ۔اسرائیلی اخبار کے مطابق حزب اللہ کے دوسرے نمبر کے اہم ترین رہنما فواد شکر کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ حملے میں بچ گئے ، حملے میں ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا ۔امریکا کا کہنا ہے کہ فواد شکر نے 241 امریکی میرینز کی ہلاکت میں مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔ ان کے قتل پر 50 لاکھ ڈالر کی رقم رکھی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں