بنگلہ دیش :مظاہروں کے بعد جماعت اسلامی پر پابندی کا فیصلہ

 بنگلہ دیش :مظاہروں کے بعد جماعت اسلامی پر پابندی کا فیصلہ

ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے پر تشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش اور طلبا تنظیم اسلامی چھاترو شبر پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔

پابندی کا فیصلہ 14 جماعتی حکومتی اتحاد کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا۔ وزیر قانون کے مطابق پابندی کے فیصلے کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیر داخلہ سے مشاورت کے بعد آج ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے جماعت اسلامی بنگلہ دیش اور اسلامی چھاترو شبر پر پابندی عائد کردی جائے گی۔یاد رہے الیکشن کمیشن 2018 میں جماعت اسلامی کی رجسٹریشن منسوخ کرچکا۔دوسری جانب جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومتی فیصلے کو غیر قانونی، غیر آئینی اور ماورائے عدالت قدم قرار دیا ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز حکومت نے متاثرین کی یاد میں یوم سوگ منایا۔ خیال رہے بنگلہ دیش میں طلبا کی جانب سے سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کے دوران پرتشدد ہنگاموں میں 205 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے جبکہ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں10ہزار افراد کو گرفتار کیاگیا ۔ سرکاری طور پر 147 افرادکی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں