غزہ :سکول پر اسرائیلی بمباری ، 17افراد شہید ، متعدد زخمی

غزہ :سکول پر اسرائیلی بمباری ، 17افراد شہید ، متعدد زخمی

غزہ (اے ایف پی)گزشتہ روز غزہ شہر میں ایک سکول کے احاطے پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 17 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔

 اسرائیلی فوج نے شیخ ردوان محلے میں واقع الہمامہ سکول کو نشانہ بنایا ۔اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کمپاؤنڈ کے اندر واقع حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو نشانہ بنایا۔ حماس نے کہا کہ کمپاؤنڈ میں بے گھر ہونے والے فلسطینی رہائش پذیر تھے ۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل نے 2 ڈرون حملوں میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر حیثم بلیدی سمیت 11 فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔لبنان میں گاڑی پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر علی عبد علی شہید ہوگئے ، جواب میں حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف کو راکٹوں اور توپوں سے نشانہ بنایا۔علاوہ ازیں اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ کو رہا کر دیا جبکہ ان پر 8اگست تک مسجد میں داخلے پر پابندی لگا دی ۔گزشتہ 48گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 100سے زائد افراد شہید ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں اب تک 39ہزار550فلسطینی شہید ،91ہزار280زخمی ہو چکے ۔علاوہ ازیں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، اسرائیلی فوج نے حماس اور حزب اللہ کے کمانڈروں پر ٹارگٹڈ حملے بڑھادئیے ۔امریکا اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو فوری لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں