غزہ:بم دھماکا، 2 اسرائیلی میجر ہلاک، متعدد اہلکار زخمی

غزہ:بم دھماکا، 2 اسرائیلی میجر ہلاک، متعدد اہلکار زخمی

تل ابیب،غزہ(اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کے وسطی علاقے میں جنگی سامان کی منتقلی کے دوران بم دھماکے میں 2 اسرائیلی میجر ہلاک ،متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے قافلے کے راستے میں نصب بم دھماکے میں میجر یوتم اتزاک اور میجر موردچائی یوسف ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران حماس کی اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ۔مغربی کنارے میں زخمی ہونے والا اسرائیلی دم توڑ گیا۔ ادھر جنوبی لبنان میں دھماکے میں اقوام متحدہ کے تین امن فوجی معمولی زخمی ہو گئے ۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ میں اپنے نویں سفارتی مشن پر اسرائیل پہنچ گئے تاکہ جنگ بندی معاہدے پر گفتگو کی جاسکے۔ وہ آج اسرائیلی حکام سے ملاقات کے بعد مصر روانہ ہونگے۔ ادھر غزہ میں مزید 25 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی حملوں میں ابتک 40 ہزار 99 فلسطینی شہید، 92 ہزار 609 زخمی ہوچکے۔ ادھر غزہ میں لباس کی بھی شدید قلت ،شہری ایک ہی جوڑا پورا مہینہ پہننے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے پر برطانوی دفتر خارجہ کے افسر مارک اسمتھ مستعفی ہو گئے ،ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کی واضح مثالیں دیکھی گئیں۔ادھر حزب اللہ کا ڈرون اسرائیلی وزیراعظم کے گھر تک پہنچ گیا ہے، ڈرون نے قیصریہ میں نیتن یاہو کے گھر کی تصاویر حاصل کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں، اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے وقت نیتن یاہو رہائشگاہ پر نہیں تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں