غزہ جنگ 12ویں مہینے میں داخل ،شہدا کی تعداد 41ہزار ہو گئی
غزہ ،یرو شلم(اے ایف پی ،رائٹرز)غزہ جنگ 12ویں مہینے میں داخل ،شہدا کی تعداد 41ہزار ہو گئی، جنگ میں 94ہزار 616 فلسطینی شہری زخمی ہو چکے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق شہدا میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ادھر گزشتہ دو روز میں صیہونی فوج نے 61افراد کو شہید ،150سے زائد کو زخمی کر دیا ۔سابق اسرائیلی ریٹائرڈ میجر جنرل یتزاک برک کا کہنا تھا غزہ جنگ میں حماس نہیں اسرائیل تباہ ہورہا ہے ،غزہ میں جنگ اسرائیلی فوج اور ملک کے استحکام کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے ، اسرائیلی اخبار ہارٹز میں شائع مضمون میں میجر جنرل (ر) یزہاک برک نے کہا کہ اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ رہا ہے ، موجودہ حکمت عملی اسرائیل کو فتح کے بجائے تباہی کی طرف لے جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا جنگ کے دو ہی اہداف تھے ،حماس کو ختم کرنا اور فوجی آپریشن کے ذریعے تمام یرغمالیوں کو آزاد کرنا ، دونوں ہی اہداف حاصل نہیں ہو سکے ۔اسرائیل کے چیف آف سٹاف ہرتزی ہیلفی کا کہنا تھا فوج لبنان کے اندر حملے کی تیاری کر رہی ہے ۔امریکی ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز اور برطانوی ایم آئی سِکس کے سربراہ رچرڈ مور نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کیلئے لکھے گئے ایک مشترکہ مضمون میں کہا کہ حماس کے خلاف جاری اسرائیلی جنگ بند ہونے سے فلسطینیوں کے مصائب اور ہولناک جانی نقصان ختم ہو سکتے ہیں،انہوں نے اپنے مضمون میں فریقین سے فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا ۔ادھر یرغمالیوں کی محفوظ واپسی میں حکومت کی ناکامی پر گزشتہ روز ہزاروں اسرائیلی احتجاج کیلئے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے ۔