غزہ جنگ: 35ہزار شہدا کے ناموں کی فہرست جاری

غزہ جنگ: 35ہزار شہدا کے ناموں کی فہرست جاری

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز) حماس نے 35 ہزار فلسطینیوں کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جو اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہید ہو چکے ۔

وزارت صحت کی طرف سے شائع کردہ 649 صفحات پر مشتمل فہرست میں کل 34ہزار344 شہدا کے نام درج ہیں ۔ دستاویز کے پہلے 14 صفحات ایک سال سے کم عمر کے 710 بچوں کے بارے میں ہیں۔ 18 سال سے کم عمر کے 11ہزار355 بچے اور نوعمر افراد اس فہرست کا حصہ ہیں، جبکہ شہدا میں 100 اور 101 سال کی عمر کے دو مرد بھی شامل ہیں۔ حماس کے سربراہ یحیی سنوار نے کہا کہ حماس کے پاس اسرائیل کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کیلئے کافی وسائل ہیں،غزہ میں طویل جنگ کیلئے تیار ہیں ، عراق، لبنان، یمن کی مزاحمت اسرائیلی عزائم کو ناکام بنائے گی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے خبردار کیا کہ لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی روکنے کے امکانات معدوم ہو رہے ہیں جس سے ایک بار پھر وسیع علاقائی تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ علاوہ ازیں مئی2024 میں میڈرڈ کی طرف سے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے بعد سپین میں پہلے فلسطینی سفیر نے پیر کو ہسپانوی بادشاہ فیلپ ششم کو اپنی اسناد پیش کیں۔ ایکس پر شاہی محل کی طرف سے شائع کردہ تصاویر کے مطابق ریاست کے سربراہ نے سپین میں نئے تعینات ہونے والے غیر ملکی سفیروں کی روایتی تقریب میں میڈرڈ کے شاہی محل میں فلسطینی سفیر حسنی عبدالوحید کا استقبال کیا۔ادھر گزشتہ 24گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں مزید 20افراد شہید ،50سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک کم ازکم 41ہزار226فلسطینی شہید ،95ہزار 413زخمی ہو چکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں