لبنان:120 اہداف پر اسرائیل بمباری،حماس،حزب اللہ کے تل ابیب پر راکٹ حملے

لبنان:120 اہداف پر اسرائیل بمباری،حماس،حزب اللہ کے تل ابیب پر راکٹ حملے

بیروت ،غزہ ،تل ابیب(اے ایف پی،رائٹرز) اسرائیلی فوج کی لبنان میں بربریت جاری ، ایک گھنٹے میں 120سے زیادہ اہداف پر بمباری، متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے ۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا جنوبی لبنان میں دحیہ اور دیگر علاقوں میں حزب اللہ کے کئی ٹھکانوں کو  تباہ کر دیا ۔لبنان نے کہا کہ اسرائیل نے بحیرہ روم کے قریب طائر ضلع کے 30 سے زیادہ دیہاتوں کو نشانہ بنایا ۔دوسری جانب گزشتہ روز لبنان میں کئی مقامات پر جھڑپیں جاری رہیں ۔حزب اللہ نے کہا کہ جنوبی لبنان کے دو سرحدی دیہاتوں میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا کہ حزب اللہ نے تل ابیب اور مارون الراس میں راکٹ حملے کئے ۔ بلیدہ گاؤں میں بھی اسرائیلی فوج پرتوپ خانے سے گولہ باری کی۔حماس نے کہا کہ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر تل ابیب پر راکٹوں کا ایک بیراج فائر کیا ہے ۔نامہ نگاروں کا کہنا تھا تل ابیب کے مشرق میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ خان یونس سے تل ابیب کی جانب پانچ راکٹ فائر کیے گئے ،حملے میں 5افراد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ حزب اللہ نے پیر کے روز اسرائیل پر 135 میزائل فائر کیے ، حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساری نے کہا ہے کہ پیر کے روز تل ابیب میں دشمن کے دو فوجی اہداف پر دو میزائلوں سے حملہ کیا جبکہ متعدد اہداف پر ڈرون بھی داغے گئے ۔ادھر اسرائیل نے غزہ میں یرغمال بنائے گئے ایک اور یرغمالی کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان کی سرحد پر ایک اور فوجی مارا گیا ہے ۔

7 اکتوبر کو اسرائیل حماس جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈنمارک میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا ہے ۔دھماکا کوپن ہیگن میں سفارتخانے سے تقریباً 500 میٹرکے فاصلے پر ہوا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا ۔دو سویڈش شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔اسرائیل کے ساتھ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ہم نے حماس کی حمایت کیلئے جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے لیکن حوصلے پست نہیں، جارحیت کے سامنے ڈٹے رہیں گے ۔اسرائیل ایک کینسر ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور طاقت پر یقین ہے ۔ چاہے کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے اسرائیل کو تباہ کرکے دم لیں گے ۔حماس نے حملے کی برسی کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ لڑتے رہیں گے ۔القسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہاہم نے لڑائی کو طویل جنگ میں جاری رکھنے کا انتخاب کیا جو کہ دشمن کے لیے تکلیف دہ اور مہنگی ہے ۔نیتن یاہو نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خطے میں سلامتی کی حقیقت کو تبدیل کر رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ 7 اکتوبر جیسا حملہ دوبارہ نہ ہو۔ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جو کچھ7 اکتوبر کو ہوا وہ دوبارہ نہ ہو۔امریکی صدر بائیڈن نے غزہ اسرائیل جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا کہ اس ایک سال میں عام شہریوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں ایک سفارتی حل ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہے ۔امریکی صدر نے کہا کہ سات اکتوبر کی تاریخ فلسطینی عوام کیلئے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔لبنانی حکومت کا کہنا تھا اسرائیلی حملوں کے باعث دو ہفتوں میں 4لاکھ سے زیادہ لوگ شام منتقل ہو گئے جن میں 3لاکھ شامی اور ایک لاکھ 2ہزار لبنانی تھے ۔لبنان کی وزارت صحت کا کہنا تھا گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں 10 فائر فائٹرز مارے گئے ۔نیتن یاہو کی رہائشگاہ کے باہر مغوی افراد کے اہل خانہ نے مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ معاہدے کے تحت تمام مغویوں کی واپسی یقینی بنائی جائے ۔ 24گھنٹے میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 39افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بربریت میں ابتک کم ازکم 41ہزار909فلسطینی شہید ،97ہزار 303زخمی ہو چکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں