پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش برداشت نہیں کی جائیگی: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی سفیر جیانگ زی ڈانگ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے پر افسوس اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔
دوران ملاقات شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے ذمہ داروں کی جلد از جلد شناخت کیلئے حکومت مکمل متحرک ہے، ذمہ داران کی شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں چینی باشندوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ وہ خود واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے۔
چینی سفیر نے واقعے پر حکومت پاکستان کے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر اظہار تشکر کیا۔