اسرائیلی حملے جاری،غزہ 50،لبنان میں20شہید،سینکڑوں زخمی
غزہ ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ روز اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 50جبکہ لبنان میں20افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق شمالی غزہ کے جبالیہ قصبے اور ایک پناہ گزین کیمپ میں دن بھر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 افراد شہید ہو ئے ، شہدا میں کئی بچے اور خواتین شامل ہیں ۔ادھر نکاراگوا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی فاشسٹ حکومت فلسطین میں نسل کشی کررہی ہے ۔ اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ حزب اللہ نے اسرائیلیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ملک کے شمال میں رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے مقامات سے دور رہیں۔اسرائیل نے بھی جنوبی لبنان کے باشندوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے تحفظ کیلئے اگلی اطلاع تک اپنے گھروں کو واپس نہ جائیں ۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے حیفہ میں ایک اسرائیلی فضائی دفاعی اڈے پر دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز کے ساتھ حملہ کیا ہے ۔لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ ہفتے کو دو دیہات پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 20 افراد شہید ،14زخمی ہو گئے ۔ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک امن فوجی مارا گیا ہے ۔امریکی سنٹرل کمان نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے شام میں داعش کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ہیں۔
داعش کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔ایران نے تمام پروازوں میں پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کر دی ہے ، ترجمان سول ایوی ایشن آرگنائزیشن جعفر یازرلو نے کہا کہ موبائل کے علاوہ کسی بھی الیکٹرانک مواصلاتی ڈیوائس کا داخلہ ممنوع قرار دیا ہے ۔ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف لبنان پہنچ گئے ،انہوں نے بیروت میں لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ بیروت کے قریب اس مقام پر گئے جہاں چند روز قبل اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے رابطہ کار وفیق صفا کو شہید کیا گیا تھا۔محمد باقر خود طیارہ اڑا کر لبنان پہنچے ۔غزہ کی و زارت صحت نے کہا کہ 7اکتوبر 2023سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 42ہزار175فلسطینی شہید ،98ہزار 336زخمی ہو چکے ۔