لبنان : میونسپل عمارتوں پر اسرائیلی بمباری ، میئر سمیت 25 شہید

لبنان : میونسپل  عمارتوں  پر  اسرائیلی  بمباری ،  میئر سمیت  25  شہید

بیروت، غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز) لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جنوبی شہر نباطیہ میں میونسپل عمارتوں پر اسرائیلی حملوں میں میئر احمد کاہل سمیت 25 افراد شہید اور 56 زخمی ہو گئے ،وزارت نے ایک بیان میں کہا ۔۔

کہ ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ملبہ ہٹانے کیلئے دستیاب سامان محدود ہے ، شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ بمباری سے 15 سے زائد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں ۔لبنانی وزیر اعظم  نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر میونسپلٹی کے اجلاس کو نشانہ بنایا جس میں ریلیف کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ بدھ کی صبح لبنان سے لگ بھگ 90 پروجیکٹائل فائر کیے گئے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا ۔حملے میں متعدد صیہونی زخمی ہو گئے ۔ حزب اللہ نے کہا کہ ایک سرحدی گاؤں کے قریب اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا ہے ۔ادھر گزشتہ 24گھنٹے میں غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 65افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔جبالیہ کے العودہ ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد صالح کا کہنا تھا ان کا ہسپتال شہیدو سے ہر وقت ہی بھرا رہتا ہے ،مقامی پناہ گزین کیمپ پراسرائیلی حملے صحت کے نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا چکے ۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 42ہزار409فلسطینی شہید،99ہزار153زخمی ہو چکے ۔فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کہنا تھا شمالی غزہ کی صورتحال تباہ کن ہے جہاں اسرائیلی فضائی حملوں کے مسلسل خطرے کا مطلب ہے کہ فلسطینیوں کے لیے پناہ کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ حکومت انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر سموٹریچ اور وزیر خزانہ بین گیویر پر پابندیاں لگانے پر غور کر رہی ہے ۔ وہ مغربی کنارے میں بستیوں کے حامی ہیں جنہیں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے ۔ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا کہ وہ اسرائیل کے خلاف تنازع میں علاقائی اتحادیوں کی سپورٹ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں