کالج طالبہ کے نام پر جھوٹ پھیلایا گیا،طلبا کو بھڑکانے والوں کا نیٹ ورک پکڑلیا:مریم نواز

کالج طالبہ کے نام پر جھوٹ پھیلایا گیا،طلبا کو بھڑکانے والوں کا نیٹ ورک پکڑلیا:مریم نواز

لاہور(اے پی پی ، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نجی کالج کی طالبہ کے حوالے سے پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کالج طالبہ کے نام پر جھوٹ پھیلا یا گیا ، جھوٹ کی ایسی داستان گھڑی گئی جس کا وجود ہی نہیں تھا۔

ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے ،اس روز تو بچی چھٹی پر تھی،کالج رجسٹریشن معطل نہیں کرنی چاہئے تھی،واقعہ کی تہہ تک چھوٹی سے چھوٹی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا ہے ، طلبا کو بھڑکانے والوں کا نیٹ ورک پکڑلیا ،جھوٹی کہانی گھڑنے والے سازش کے کرداروں کو کیفر کر دار تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،بچوں کو گمراہ کیا گیا ان کو ایشو کا پتہ ہی نہیں تھا، سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے چنگاری لگانے کا آغاز ہوا،نشاندہی ہوچکی کچھ نیٹ ورک ملک سے باہر اور کچھ پشاور سے آپریٹ ہورہے ہیں ،ڈوبتی سیاست بچانے کیلئے گھٹیا پلان بنایا گیا،مظاہروں پر اکسانے والے شخص کو گرفتار کر لیا،حکومت پنجاب مدعی بنے گی،طلبہ سے درخواست ہے اپنی حکومت پر اعتماد رکھیں۔مریم نواز نے بدھ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جس بچی کو ریپ وکٹم بنایا گیا،گھر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے 2 اکتوبر سے ہسپتال میں داخل ہے ۔

آئی سی یو میں زیر علاج بیٹی کو ریپ وکٹم بنا کر پیش کیا گیا، بچی کی والدہ نے فون پر درخواست کی میری بچیوں کی عزت سنبھالنا آپ کی ذمہ داری ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا سوشل میڈیاپر اس کی ایسی خبر پھیلی، الزامات لگائے گئے اور کہانیاں گھڑی گئیں جس کاسرے سے کوئی وجود ہی نہیں تھا۔ مذکورہ بچی 2 اکتوبر سے ہسپتال میں سپائن انجری کی وجہ سے زیر علاج ہے ۔ واقعہ میں جس گارڈپر الزام لگایا گیاوہ چھٹی پر تھا، تحقیقات کیلئے اسے سرگودھا سے گرفتار کرکے لائے ہیں۔واقعہ ہوا نہیں اور نہ ہی کوئی چشم دید گواہ ہے ۔طلبہ اور طالبہ سے گزارش ہے اپنی حکومت پر یقین رکھیں آپ کی حفاظت میری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے رسپانس کیا، طلبہ کو گمراہ کرکے نام نہاد مہم چلانے کی کوشش کی گئی۔ احتجاج اور انتشار کی ناکام کال کے بعد ایسا گھٹیامنصوبہ شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا بچی کو وکٹم بنا کر الزام لگایا گیا، عزت اچھالی گئی اور جھوٹ بولا گیا۔پولیس بچی کے والدکو واقعہ کا مدعی بنانا چاہتی تھی لیکن یہ ہزاروں بچیوں کی تعلیم کا معاملہ ہے ، حکومت پنجاب مدعی بنے گی۔ میڈیکل ریکارڈ اور میسرشواہد کو ہر طرح سے کھنگال کر دیکھ لیا آخر تک جاؤں گی ، ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا سوشل میڈیا پر جھوٹے واقعہ پر طوفان اٹھایا گیا،ایک چنگاری سوشل میڈیا پر آگ لگا دیتی ہے ،جتنے بھی لوگوں پر الزامات تھے ، انویسٹی گیشن کی گئی، انویسٹی گیشن کمیٹی کا اجلاس میں نے خوداٹینڈ کیا۔انہوں نے کہااس سازش کے کردار وں کو ایکسپوز کرنا اور کیفر کردار تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ عین اس وقت جب سالوں بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان میں ہورہا تھاگھیراؤ جلاؤ کی ناکامی کے بعد گھٹیاپلان بنایا گیا۔انہوں نے کہا صوبے کی چیف ایگزیکٹو ہوں تمام نظریات کے لوگوں کی سی ایم ہوں جس واقعہ کا ایشو بنا کر اچھالا گیا اس کا وجود سرے سے تھا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا گجرات میں ٹریفک حادثے میں زخمی بچے کو پولیس تشدد کاشکار بنا دیا گیا۔

پولیس وین سے ٹکرانے کی وجہ سے بچہ زخمی ہوا، ڈرائیور اورساتھی اہلکار کو فوراً گرفتار کر لیا گیا ہے ۔بچے کی سرجری مکمل ہونے تک تمام صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ لی ہے ۔گجرات میں انتشار پھیلانے کیلئے سٹوڈنٹس کے روپ میں لوگوں کو لایاگیا۔ جو بھی جھوٹ پھیلانے میں ملوث ہیں سب کے خلاف کارروائی ہوگی۔ واقعہ میں ملوث تمام اکاؤنٹس کا ریکارڈ نکال لیا ہے ۔اپنی حکومت میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گی ۔ انہوں نے کہا ہتک عز ت قانون کی مخالفت اس لیے کی جارہی ہے تاکہ جھوٹ بولیں اور آپ کو کوئی پکڑنہ سکے ۔ہتک عز ت کا قانون منظور ہوچکا ہے جلد نافذ کر دیا جائے گا۔ڈیجیٹل ٹیررازم میں اکاؤنٹ باہر بیٹھ کر آپریٹ ہورہے ہیں۔ایف آئی اے کو واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا بچی کے انتقال کرنے کی جھوٹی خبر بھی پھیلائی گئی، زرتاج گل کی بہن کو بھی بلا کر وضاحت دینے کا پورا موقع دیا گیا کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرنا چاہتی۔ بچوں کو ایشو کا پتہ ہی نہیں تھا اور وہ انصاف مانگ رہے تھے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا واقعہ ہو نا ہو سوشل میڈیا پر جھوٹ کی فیکٹری چل پڑتی ہے ۔ایک کے بعد دوسری اور دوسری کے بعد تیسری بچی کا نام لیتے رہے ،انہیں کوئی وکٹم نہیں ملا۔ ایسی مکروہ روایات ڈالنے والوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

عدلیہ سے درخواست کرتی ہوں عزتوں کے تحفظ کا معاملہ ہے ، ذمہ دار بچ نہ پائیں۔ جھوٹ پھیلانے والے نیٹ ورک کی نشاندہی ہوچکی ہے کچھ نیٹ ورک باہر سے اور کچھ پشاور سے آپریٹ ہورہے ہیں۔ ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا لاہور میں جھوٹے پروپیگنڈے اور طلبہ کو اکسانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ۔مریم نواز نے لڑکے کی ویڈیو کا سکرین شارٹ اور تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا سازش اور جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ بننے والے کو نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا ان عناصر نے معصوم لڑکی کے حوالے سے جھوٹا الزام لگایا، اس الزام سے معصوم لڑکی اور اس کے اہلخانہ کو شدید ذہنی اذیت برداشت کرنا پڑی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خوراک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے دنیا بھر میں لاکھوں افراد بھوک کا شکار ہوں اور کروڑوں ٹن خوراک ضائع ہونا لمحہ فکریہ ہے ، دین اسلام خوراک کی نعمت کی قدر کرنے اورضیاع سے بچنے کی تاکید کرتا ہے ۔ گھر، ہوٹل اور تقریبات میں خوراک کا ضیاع روکنے کے لیے مہذب رویہ اپنانا ہوگا۔ضرورت سے زیادہ کھانا نکالنا یا ضائع کرنا بے حسی کے مترادف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں