لبنان:شدید جھڑپیں،5 اسرائیلی فوجی ہلاک،14 زخمی:غزہ میں 55 شہید

لبنان:شدید جھڑپیں،5 اسرائیلی فوجی ہلاک،14 زخمی:غزہ میں 55 شہید

بیروت ،غزہ ،دوحہ (اے ایف پی ،رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید جھڑپوں میں 5صیہونی فوجی ہلاک ،14زخمی ہو گئے ،5کی حالت نازک ہے ۔

علاوہ ازیں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں موساد ہیڈ کوارٹر کے قریب ٹرک کی ٹکر سے 1 شخص ہلاک ،34زخمی ہوگئے ۔عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب کے شمال میں واقع گلیلوت بیس کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 5 افراد مارے گئے جبکہ 20 فوجیوں سمیت 50 لوگ زخمی ہو گئے ۔ اسرائیلی پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کرہلاک کردیا۔ دوسری جانب غزہ جنگ بندی مذاکرات کیلئے سی آئی اے اور موساد کے سربراہ قطر پہنچ گئے ۔امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہود دشمنی میں اضافہ ہو ا۔انہوں نے کہاامریکی انتظامیہ نے یہودی عبادت گاہوں، سکولوں اور انسانی تحفظ کے لیے ایک ارب 2کروڑ ڈالر خرچ کئے ۔نیتن یاہو کا کہنا تھا ایران پر حملے سے اسرائیل کے مقاصد پورے ہو گئے ۔انہوں نے کہا ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایرانی حملے کا جواب دیں گے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کو محفوظ بنانے کیلئے تکلیف دہ رعایتوں کی ضرورت ہوگی ، صرف فوجی کارروائی سے ملک کے جنگی مقاصد حاصل نہیں ہوں گے ۔ لبنانی وزارت صحت نے کہا کہ جنوبی شہر سیڈون کے قریب اسرائیلی حملے میں 12افراد شہید،25 زخمی ہو گئے ۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے متعدد دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کو کہاہے ۔حزب اللہ نے کہا کہ شمالی اسرائیل میں ایک فوجی اڈے پر راکٹ فائر کیا ہے .

حملے میں اسرائیل کا بڑے پیمانے پر نقصان یقینی ہے ۔ آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں 120 اہداف کو نشانہ بنایا ،حملوں میں حزب اللہ کے 70 جنگجوؤں شہید ہوئے ۔غزہ میں18اکتوبر کو زخمی ہونے والا ایک اوراسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔گزشتہ روز غزہ کے شمالی علاقے بیت لاھیہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں سے شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 40 فلسطینی شہید،100سے زائد زخمی ہوگئے ،شہدا میں متعدد بچے اور خواتین شامل ہیں۔غزہ کے دیگر کئی علاقوں پر بھی اسرائیلی حملوں میں 15سے زائد افراد شہید ،متعدد زخمی ہوئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں