بھارتی وزیرداخلہ سکھوں کے قتل و اغوا میں ملوث:کینیڈا
اوٹاوا(اے پی )کینیڈا نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کینیڈا کے سکھ شہریوں کے قتل عام اور اغوا کا حکم دیا۔
سکھ رہنما اور خالصتان کے حامی ہردیپ سنگھ نجر
کے قتل کیس میں کینیڈا کی قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے نائب وزیرخارجہ ڈیوڈ موریسن نے کہا بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کینیڈا کے شہریوں کے قتل عام، اغوا اور بھتہ خوری کا حکم دیا تھا۔ میں نے ہی امریکی اخبار میں امیت شاہ کے نام کی تصدیق کی تھی۔دوسری جانب کمیٹی کو بیان دیتے سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا امیت شاہ نے خالصتان کے حامیوں کو پکڑنے کیلئے ایجنسیوں کو ہتھیار بنایا۔ امیت شاہ کی پرتشدد کارروائیاں امریکا اور کینیڈا کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارتی دہشتگردی کے سامنے خالصتان ریفرنڈم خاموش نہیں رہے گا۔ عالمی برادری کو بھارتی جبر کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے ۔ یاد رہے واشنگٹن پوسٹ نے 14اکتوبر کو کینیڈین عہدیداروں کا حوالہ دیتے کہا تھا کہ کینیڈا نے نئی دہلی حکومت کو بتایا تھا کہ بھارتی سفارتکاروں کے درمیان ہونے والی گفتگو اور پیغامات میں امیت شاہ اور خفیہ ایجنسی را کے سینئر اہلکار کے حوالہ جات شامل ہیں ۔ گفتگو کے دوران امیت شاہ نے کینیڈا میں مقیم سکھ رہنماؤں کے قتل کا حکم دیا ۔