وزیراعظم کا امیر قطر کے ہمراہ میوزیم کا دورہ، فن پاروں کی تعریف
دوحا: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں آرٹ گیلری کا دورہ کیا اور فن پاروں کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفود اور دو طرفہ ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک سفر کیا، امیر قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بذات خود پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر" کا دورہ کرایا، اس موقع پر رہنماؤں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔
امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ و قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں وزیراعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور نمائش کے منتظمین و پاکستانی فنکاروں سے تعارف کرایا، وزیراعظم نے امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کا "منظر" آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے، قطر میوزیم میں پاکستانی فن پاروں پر مبنی منظر آرٹ گیلری کا قیام قطر اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے دورے میں معروف پاکستانی معمار نرکا علی دادا، پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافرز، خطاط اور دیگر فن کاروں سے ملاقات کی، نمائش میں 1940 سے لے کر اب تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل تھے، نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نررے علی دادا اور متعدد پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک قطر تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا،ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے ممکنہ تعاون پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے مشترکہ اقتصادی اہداف اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص اسرائیل کی طرف سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی اور خطے میں کشیدگی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے 24 ستمبر 2024 کو منعقدہ 79 ویں یو این جی اے کے دوران امیر قطر کی طرف سے فلسطین کے معاملے پر قطر کے مؤقف کی تعریف کی اورفوری جنگ بندی کے لئے قطر کی ثالثی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غارت روکے اور امن قائم کرنے کے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا، فلسطین میں جاری اسرائیل کی حالیہ بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
وزیراعظم نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے مزید امدادی سامان کی ترسیل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بات کیاور امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔