قازقستان میں گرنیوالے آذر بائیجان کے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

 قازقستان میں گرنیوالے آذر بائیجان کے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

آستانہ(اے ایف پی)قازقستان میں گزشتہ روز گر کر تباہ ہونے والے آذربائیجان کے مسافر بردار طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیا گیا۔

آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی AZERTAC نے بتایا کہ طیارے کا بلیک باکس جس میں پرواز کا ڈیٹا ریکارڈ کیا گیا ہے برآمد کر لیا گیا ہے جس پر تحقیقات جاری ہیں ۔پراسیکیوٹر جنرل آذربائیجان کا کہنا تھا کہ طیارہ گرنے کی تمام ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم اس وقت طیارہ گرنے کے تحقیقاتی نتائج ظاہر نہیں کر سکتے ۔آذربائیجان کی تحقیقاتی ٹیم قازقستان میں طیارہ گرنے کی جگہ پر تحقیقات کر رہی ہے ۔ طیارہ حادثے میں 38 افراد کی موت پر آذربائیجان میں سوگ ہے ، طیارے میں سوار 42 افراد کا تعلق آذربائیجان، 16 کا روس، 6 کا قازقستان اور 3 کا کرغزستان سے تھا۔ دوسری طرف کریملن نے طیارے کی روسی میزائل سے تباہی کی خبروں کو رد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے مفروضے قائم نہ کئے جائیں ۔کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ تحقیقات کے نتائج سے پہلے کوئی مفروضہ بنانا غلط ہو گا۔یورونیوز نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھاکہ تباہ شدہ طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کیلئے پائلٹس کی درخواست کے باوجود کسی بھی روسی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اوراسے اپنی منزل کے راستے سے دور اکتاؤ کی طرف جانے کا کہاگیا۔ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بھی کہا کہ ابتدائی اشارے یہ بتاتے ہیں کہ روسی طیارہ شکن نظام نے طیارے کو نشانہ بنایا۔قازق وزارت صحت نے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں میں سے گیارہ انتہائی نگہداشت میں ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں