جنوبی کوریا: مسافر طیارہ رن وے پر پھسل کر دیوار سےجا ٹکرایا، 179افراد ہلاک : کینیڈا اور نیدر لینڈز کے طیارے بھی حادثات کا شکار
سیول(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کرکنکریٹ کی دیوار سے ٹکر ا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا جس سے 179 افراد ہلاک ہوگئے، اس واقعہ کو جنوبی کوریا کی تاریخ کا سب سے بدترین فضائی حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے ملک میں 7روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز ایک ہی دن میں 3طیارے حادثات کا شکا ر ہوئے ،ایئر کینیڈا کے طیارے میں ہیلی فیکس ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی جبکہ نیدرلینڈز کا طیارہ ناروے کے اوسلو ایئرپورٹ پر رن وے سے پھسل گیا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے مصروف موان شہر کے ہوائی اڈے پر طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا، طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی کنکریٹ کی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔ مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا، طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے ،حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیاتاہم 179افراد لقمہ اجل بن گئے جن میں 175مسافراورعملے کے 4ارکان شامل ہیں ،2فلائٹ اٹینڈنٹ زندہ بچ گئے ،حادثے میں ایئرپورٹ پر موجود کئی افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں کئی کی حالت تشویشنا ک ہے ۔ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے ۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق نو بج کر تین منٹ پر پیش آیا۔ حادثے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اندرون اور بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ،حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 737-800 تھا۔ حکام کے مطابق لینڈنگ سے قبل پائلٹ نے ’’مے ڈے ‘‘ کا پیغام دیا تھا۔جنوبی کوریا کے مقامی میڈیا کے مطابق حادثے سے قبل طیارے پر سوار ایک مسافر نے اپنے گھر کے ایک فرد کو ٹیکسٹ پیغام بھیجا کہ جہاز کے پر میں ایک پرندہ پھنسا ہوا ہے جس کی وجہ سے طیارہ لینڈ نہیں کر پا رہا ،اس صورتحال میں مجھے اپنا آخری پیغام دے دینا چاہئے ۔ہوابازی کے ماہر جیفری تھامس کہتے ہیں کہ ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے طیارے سے کوئی پرندہ ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کا دائیاں انجن متاثر ہوا۔اس خرابی کے نتیجے میں کاک پٹ میں کافی دباؤ پیدا ہو گیا ہو گا اور ایسا عین ممکن ہے کہ ان تمام حالات کے چلتے پائلٹ شاید لینڈنگ گیئر نیچے کرنا ہی بھول گیا ہو۔جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے موان میں جائے حادثہ پر خصوصی ڈیزاسٹر زون کا اعلان کردیا ،ان کا کہناتھاکہ حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرا دُکھ اور صدمہ پہنچا ہے ۔
اس حادثے کو جنوبی کوریا کی تاریخ کے مہلک فضائی حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے ، اس سے قبل 2002 میں ایئر چائنا کا جہاز حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 129 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔جیجو ایئر لائن نے 2005 میں اپنی خدمات کا آغاز کیا اور اس کی پروازیں جنوبی کوریا کے علاوہ جاپان، چین، فلپائن اور تھائی لینڈ سمیت ایشیائی ملکوں تک جاتی ہیں۔جنوری 2024 تک جیجو ایئر لائن کے پاس 42 طیارے تھے اوراس کی پروازیں 44 شہروں تک جاتی ہیں۔ جیجو ائیر کے چیف آپریٹنگ آفیسر کم ای بائی نے پریس کانفرنس سے قبل ائیرلائن کے اعلیٰ حکام کے ساتھ کیمروں کے سامنے سر جھکا کر حادثے پر معافی مانگی۔ان کا کہناتھاکہ گرنے والے طیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا، طیارہ حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔ دوسری طرف کینیڈا کے ہیلی فیکس ایئرپورٹ پر سینٹ جان سے آنیوالے ایئرکینیڈا کے مسافر طیارے میں لینڈنگ کے دوران گیئر میں خرابی کے باعث آگ لگ گئی تاہم مسافر طیارہ معجزانہ طور پر حادثے سے محفوظ رہا۔حادثے کے شکار طیارے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
نیدرلینڈز کا مسافر طیارہ اوسلو ایئرپورٹ پر رن وے سے اتر گیا۔ڈچ میڈیا کے مطابق ایمسٹرڈیم جانے والے طیارے کا اوسلو سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہائیڈرالک سسٹم فیل ہوا جس پر طیارے نے ہنگامی طور پر لینڈنگ کی تاہم لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے سے اترگیا، طیارے میں سوار 176 مسافر اورعملے کے 6 ارکان محفوظ رہے ۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زردار ی نے جنوبی کوریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار تعزیت اور ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا، طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے ۔ غم کی اس گھڑی میں جنوبی کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔