لاکھوں فلسطینی بھوک، پیاس ، ادویات کی قلت سے دوچار

 لاکھوں فلسطینی بھوک، پیاس ، ادویات کی قلت سے دوچار

غزہ،واشنگٹن (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں لاکھوں فلسطینی بھوک، پیاس اور ادویات کی قلت سے دوچار ہیں ،اسرائیل وحشیانہ بمباری سے کسی نہ کسی طرح بچ جانے والے مجبور فلسطینیوں کو بھوکا مارنے پر تل گیا ۔

اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے دھمکی دی ہے کہ غزہ کی پٹی میں گندم کا ایک دانہ بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔جب تک حماس ہمارے فوجیوں اور یرغمالیوں کو رہا نہیں کرے گا ہم غزہ کے شہریوں کو خوراک اور مدد نہیں فراہم ہونے دیں گے ۔اس دھمکی آمیز بیان پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔فلسطینی حکام نے اسرائیلی وزیر خزانہ کے متنازع بیان کو ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں قحط جیسی صورتحال ہے ۔ 70 فیصد سے زائد آبادی کو روزانہ کی بنیاد پر خوراک کی قلت کا سامنا ہے اور ہسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات بھی ختم ہو چکی ہیں۔دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں کئی بچوں سمیت مزید 28افراد شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے ،ادھر اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے میں 30سالہ آمنہ ابراہیم پر چاقو سے حملہ کا الزام لگا کر گولی مار کر شہید کر دیا۔ وہ تین بچوں کی ماں تھیں۔اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی فراہمی کے خلاف احتجاج کرنے والے ملازمین کو مائیکروسافٹ نے برطرف کردیا۔ چند روز قبل کمپنی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر انجینئر ابتھال ابوسعد نے مائیکرو سافٹ اے آئی کے سی ای او مصطفی سلیمان کی تقریر کے دوران احتجاج کیا تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں