غزہ :اسرائیلی بربریت بڑھ گئی ، مزید100سے زائد شہید

غزہ :اسرائیلی بربریت بڑھ گئی ، مزید100سے زائد شہید

غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں اسرائیلی بربریت بڑھ گئی،شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں جمعہ کو تقریباً 100 افراد شہیداور300سے زائد زخمی ہو گئے۔

سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل کا کہنا ہے کہ 12 گھنٹوں سے بھی کم  وقت میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کارروائیوں میں کم ازکم 100 افراد شہید ہو چکے ۔محمود باسل نے شمالی غزہ کی صورتحال کو انتہائی خوفناک اور ایک خونی دن کے طور پر بیان کیا ہے ۔سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے بڑے پیمانے پر زمینی، فضائی اور سمندری حملے جاری ہیں ۔جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی حاملہ بہن کو اُن کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ میں بمباری کے دوران تو بس ہم سب مرنے کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔نام ظاہر نہ کرنے والے شخص نے بی بی سی عربی کو بتایا کہ اسرائیل نے گھر پر اس وقت بمباری کی جب میری بہن اور اُن کے شوہر اندر ہی موجود تھے ۔اُن کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے مسائل کا کوئی حل کسی کے پاس بھی موجود نہیں ہے ۔ غزہ کی پٹی میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے ۔ادھر اسرائیلی فوج نے شمالی اور جنوبی غزہ میں حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ 24 گھنٹوں کے دوران فضائی حملوں میں 150 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔اسرائیلی طیاروں نے جمعہ کی صبح شمالی غزہ کے متعدد علاقوں بشمول بیت لاہیہ، جبالیہ پناہ گزین کیمپ، شیخ زید ہاؤسنگ پروجیکٹ اور تل الزتر کے مضافات میں انتباہی پمفلٹ گرائے ۔پمفلٹس میں تمام رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر وہاں سے نکل جائیں، جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ فوجی آپریشن غزہ کے سب سے گنجان آباد علاقوں میں سے ایک میں پھیل سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں