غزہ :گھر پر اسرائیلی بمباری،خاندان کے 14افراد شہید
غزہ (اے ایف پی)غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر پر اسرائیلی حملے میں خاندان کے 14 افراد شہید ہو گئے ۔
ترجمان شہری دفاع محمود بسال نے کہا البرش خاندان کے گھر پر حملے میں چھ بچے اور تین خواتین شہید ہوئیں ، 20 سے زائد لاپتا افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے پیر کو خان یونس میں متعدد مغربی علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ حماس ان علاقوں میں کام کر رہی ہے ۔ اپنی حفاظت کیلئے فوراً مغرب میں المواسی کی طرف نکل جائیں۔اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو مغربی کنارے کے الحاق کی منصوبہ بندی کر رہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ علاقائی استحکام کیلئے خطرہ بن سکتا ہے اور امن کے امکانات کو کمزور کر سکتا ہے ۔ اخبار ہارٹز کے مطابق نیتن یاہو پس پردہ خاموشی سے مغربی کنارے کے عملی انضمام کی رفتار تیز کر رہے ہیں،ان کی سرگرمیوں کا آغازمغربی کنارے میں 22 نئی بستیاں تعمیر کرنے کے اعلان سے ہوا ۔ادھر اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے فرانس کی حمایت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایسے کسی نتیجے کی حمایت کرتا ہے تو فرانسیسی ساحلی تفریح گاہ کا ایک ٹکڑا تراش کر فلسطین بنا سکتا ہے ۔