خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بناسکتے ہیں،ایران کا انتباہ

خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بناسکتے ہیں،ایران کا انتباہ

تہران(اے ایف پی )ایران نے خبردار کیاہے کہ اگرامریکا کیساتھ جوہری مذاکرات ناکام ہوئے اور امریکا کیساتھ تنازع پید ا ہواتو خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے ۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہم پر کوئی تنازع مسلط کیا گیا تو تمام امریکی اڈے ہماری پہنچ میں ہیں اور ہم انہیں میزبان ممالک میں بے خوفی سے نشانہ بنائیں گے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا ایران کو بمباری کی دھمکی دے چکے ہیں، یہ کہتے ہوئے اگر وہ  نئے جوہری معاہدے پر رضامند نہ ہوا تو بمباری کا سامنا کرنا ہوگا۔امریکا اور ایران کے مابین مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے ہونا ہے ، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مذاکرات آج جمعرات کو ہوں گے ، جبکہ تہران کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات اتوار کو عمان میں ہوں گے ۔ناصر زادہ نے کہا کہ تہران نے حال ہی میں 2 ٹن وار ہیڈ والے میزائل کا تجربہ کیا ہے اور وہ کسی قسم کی پابندیوں کو قبول نہیں کرتا۔ دوسری طرف عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کے ایران پر فوجی طاقت کے استعمال کی تجویز کو مسترد کردیا۔امریکی صدر نے ٹیلی فونک گفتگو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم پر واضح کیا کہ میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنے کا موقع دیکھ رہا ہوں اور اس وقت فوجی کارروائی سے یہ موقع گنوانا نہیں چاہتا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 40 منٹ طویل یہ گفتگو کچھ روز قبل اس ڈیڈلائن سے پہلے ہوئی جس میں ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کیلئے دو ماہ کی مہلت دی تھی۔اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ فوراً ختم کریں۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو بتایا کہ جنگ کا خاتمہ نہ صرف قیدیوں کے تبادلے بلکہ ایران اور سعودی عرب کے ساتھ سفارتی پیش رفت کے لئے بھی اہم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں