غزہ :اسرائیلی فائرنگ ، فضائی حملے ، مزید 41فلسطینی شہید

غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کے کئی علاقوں پر اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں مزید 41افراد شہید ،125سے زائد زخمی ہو گئے ۔۔۔
وزارت صحت نے بتایا غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے زیر انتظام امداد کی تقسیم کے مقام کے قریب 23افراد اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوئے ۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے اپنی کارروائیاں شروع کرنے کے بعد سے ابتک 274 افراد شہید اور2ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ۔ہفتے کو اسرائیلی فوج نے خان یونس اور جنوبی غزہ کے قریبی قصبوں اباسان اور بنی سہیلہ کے رہائشیوں کو حکم دیا کہ وہ اپنے علاقے چھوڑ کر مغرب کی طرف چلے جائیں۔فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کی ریاست کو جلد تسلیم کر لیں گے ۔ ایک انٹرویو میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کی کوئی شرائط ہیں تو انہوں نے کہا کوئی شرائط نہیں۔ ریاست کو طریقہ کار کے تحت تسلیم کیا جائے گا جس میں غزہ کی جنگ کو بند کرنا، انسانی امداد کو بحال کرنا، اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کروانا اور حماس کو غیر مسلح کرنا شامل ہے ۔