24 گھنٹے میں امن کی راہ ہموار ہوسکتی ہے :فرانسیسی صدر
پیرس(نیوز ایجنسیاں ) فرانسیسی صدرمیکخواں نے د عویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل تنازع میں جلد پیشرفت ہوسکتی ہے ، معاملہ جی سیون اجلاس میں لے جانے کا موقع موجود ہے۔
24 گھنٹے میں جاری کشیدگی ختم اور خطے میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔میکخواں نے گرین لینڈ کے دورے کے دوران کہا کہ مجھے امید ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں سکون آئے گا اور ہم بات چیت کا آغاز کر سکیں گے تاکہ خطے میں جوہری صلاحیتوں کے اضافے اور کسی قسم کی کشیدگی سے بچا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ جی سیون کا اجلاس کینیڈا میں منگل تک جاری ہے ، اس مسئلے کو بھی زیر بحث لائے گا۔فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے کہا تہران کا جوہری پروگرام اسرائیل اور یورپ کی سلامتی کیلئے ایک خطرہ ہے تاہم اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع میں شدت کو روکنے کا واحد راستہ سفارتکاری ہے ۔قبل ازیں جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈفل نے کہا جرمنی، فرانس اور برطانیہ مشرق وسطی ٰمیں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی کیلئے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر فوری بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔اس تنازع کو پرامن طریقے سے ختم کرنے کیلئے ایک اہم شرط ہے یہ ہے کہ ایران خطے ، اسرائیل یا یورپ کیلئے کوئی خطرہ نہ بنے ۔